تربت: بلوچستان کے ضلع کیچ میں ڈینگی پریشان کن حد تک پھیلنے لگا ہے، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ڈینگی کے مزید 93 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کیچ میں ایک ہفتے کے دوران ڈینگی کے مزید 93 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کا کہنا ہے کہ تربت میں روزانہ ڈینگی سے متاثر 12 مریض رپورٹ ہو رہے ہیں۔
کیچ کے ڈی ایچ او ڈاکٹر فاروق نے بتایا کہ تین ماہ میں کیسز کی تعداد 243 ہو گئی ہے، ڈینگی سے متاثرہ تین مریض جاں بحق بھی ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ کیچ میں ڈینگی وائرس تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے، ڈینگی کی روک تھام کے لیے دبئی حکومت سے بھی فنڈ مانگا گیا تھا تاہم وہ تا حال نہیں مل سکا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے علاقے اور گھروں میں اسپرے کیا جا رہا ہے، ان علاقوں کی نشان دہی بھی کی جا چکی ہے جہاں ڈینگی کی افزائش ہو رہی ہے، نیز لوگوں میں آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 4 سال میں 51 ہزار سے زائد افراد ڈینگی کا شکار
واضح رہے کہ گزشتہ برس 7 نومبر 2018 کو قومی اسمبلی میں ایک رپورٹ پیش کی گئی تھی، جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ 4 سال کے دوران ملک بھر میں 51 ہزار سے زائد افراد ڈینگی جب کہ 6 سو سے زائد افراد کانگو بخار سے متاثر ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق سال 2015 سے اب تک 51 ہزار 764 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے، سب سے زیادہ 28 ہزار 298 افراد صوبہ خیبر پختون خواہ میں متاثر ہوئے، صوبہ سندھ میں 10 ہزار 447 اور صوبہ پنجاب میں 6 ہزار 58 افراد ڈینگی کا نشانہ بنے، اسلام آباد میں 3 ہزار 930 افراد جب کہ بلوچستان میں 1965 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے۔