کراچی: سانحہ صفورہ میں جاں بحق ہونے والے 44 افراد کی تدفین سخی حسن قبرستان میں کردی گئی۔
گزشتہ روزصفورہ چورنگی پرموٹرسائیکل سوارنامعلوم افراد نے الاظہر گارڈن کی بس پرفائرنگ کردی تھی، جس کے نتیجے میں اسمعیلی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے 43افراد جاں بحق جبکہ 13 افراد زخمی ہوگئے تھے، زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا تھا، بس میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے۔
سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نمازِجنازہ آج بروزجمعرات صبح ساڑھے نو بجے الاظہر گارڈن میں ادا کی گئی۔
اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور اسماعیلی اسکاؤٹس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے۔
نمازِ جنازہ میں الاظہر گارڈن اور کریم آباد جماعت خانے سے متعلق افراد کے علاوہ اسماعیلی برادری کی اعلیٰ شخصیات اور اہم سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
شہرکے دیگرعلاقوں کےجماعت خانوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر شرکت نہ کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔
دریں اثنا اسپتال ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ واقعے میں زخمی ہونے والے دو افراد مزید جاں بحق ہوگئے۔