سعودی عرب کا 94 واں یوم الوطنی آج شان وشوکت کے ساتھ منایا جا رہا ہے مملکت کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کو قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کا 94 واں یوم الوطنی آج جوش وجذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دارالحکومت ریاض سمیت مملکت کے تمما چھوٹے بڑے شہروں کی شاہراہوں اور اندرون شہر گلیوں، بازاروں کو قومی پرچموں سے سجا دیا گیا ہے اور پوری مملکت سبز روشنیوں سے جگمگا رہی ہے۔
سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر آج ملک بھر میں عام تعطیل بھی ہے اور عوام الناس جوش وخروش سے یوم الوطنی منانے کے لیے سڑکوں پر ہیں۔ عوام کی تفریح کے لیے بھی متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔
یوم الوطنی کے حوالے سے ایک ہفتے سے مملکت میں تیاریاں اور مختلف تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔
یوم الوطنی کے سلسلے میں مملکت کے 17 مختلف شہروں میں ایئرشو منعقد ہوئے جس میں رائل سعودی ایئر فورس کے طیارے جن میں ایف 15 ایس اے، ایف 15 سی، ٹورنیڈو اور ٹائیفون شامل ہیں ایئرشو میں حصہ لیں گے۔
آج بھی سرکاری اور نجی سطح پر کئی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جازان کمشنری میں مختلف مقامات پر تفریحی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جن میں فضائیہ کے شو ، المرجان بیچ پر آتشبازی کے شاندار مظاہرے کیے جائیں گے۔
رواں سال یوم الوطنی کے موقع پر ایک لاکھ 25 ہزار پھولوں سے بنے لوگو نے گنیز ورلڈ ریکارڈ سرٹیفکیٹ حاصل کر لیا ۔ یہ بڑا پھولوں کا لوگو کورنیش فرنٹ پر میونسپلٹی نے متعدد حکومتی اداروں اور رضاکاروں کے تعاون سے بنایا۔
دریں اثنا سعودی عرب کے 94 ویں یوم الوطنی پر دنیا بھر سے خادم حرمین شریفین اور سعودی قیادت کو مبارک باد کے پیغامات دیے گئے ہیں۔
بحرین، اردن، قطر، عمان، کویت کے سربراہان مملکت کی جانب سے تہنیتی پیغامات میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی اچھی صحت، خوشی، درازی عمر، سعودی عوام کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔