کراچی : لوکل گورنمنٹ بورڈ سندھ نے کراچی سمیت سندھ بھرکے99یو سی سیکریٹریز کو عہدوں سے ہٹا دیا، ان یوسی سیکریٹریز کو 13-2012 میں بھرتی کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق انکوائری کمیٹی کی سفارشات پر لوکل گورنمنٹ بورڈ سندھ نے ایکشن لیتے ہوئے کراچی سمیت سندھ بھرکے99یو سی سیکریٹریزکوعہدوں سے ہٹادیا اور انکوائری مکمل ہونے تک سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔
کمیٹی سربراہ نے سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈسیکریٹری کومراسلہ لکھا تھا، جس میں کہا تھا کہ 99یوسی سیکریٹریز نے دستاویزات جمع نہیں کرائیں، ان یوسی سیکریٹریز کو 13-2012 میں بھرتی کیا گیا تھا۔
مراسلے میں کہا گیا کہ اس عرصےمیں ڈپارٹمنٹ نےبھرتیوں کا اعلان نہیں کیا تھا اور نہ اشتہار جاری ہواتھا، یوسی سیکریٹریز کی بھرتیاں بوگس ہیں، بھرتیوں میں نادر خان، جاوید،عمران،جھامن داس ودیگرافسران ملوث ہیں۔
یاد رہے گذشتہ ماہ محکمہ بلدیات سندھ نے ساٹھ سے زائد ملازمین کو نوکریوں سے ہٹانے کا حکم نامہ جاری کیا تھا ، جن میں گریڈ ایک سے 18 تک کے افسران و ملازمین شامل تھے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ملازمت سے ہٹائے گئے ملازمین مختلف اضلاع کی یوسیز میں تعینات تھے، اور ان کو مختلف الزامات کا سامنا تھا۔
حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ مذکورہ افسران و ملازمین محکمہ بلدیات کی جانچ پڑتال کے لیے بلانے پر حاضر نہیں ہوئے، جب تک ان افسران و ملازمین کی اہلیت ثابت نہیں ہوتی، یہ ملازمت سے فارغ رہیں گے۔
حکم نامے کے مطابق یہ ملازمین تقرری کی تحقیقات مکمل ہونے اور بھرتی درست ثابت ہونے تک فارغ رہیں گے۔