لاہور: فلم مامتا سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے برصغیر کے مایہ ناز موسیقار رشید عطرے کا آج 99 واں یوم پیدایش منایا جا رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق عبد الرشید عطرے نے بمبئی میں 6 اور لاہور میں 80 سے زائد فلمی نغموں کی موسیقی ترتیب دی اور 3 نگار ایوارڈ حاصل کیے، آج ان کا ننانوے واں جنم دن ہے۔
15 فروری 1919 کو ربابی خاندان کے بلند پایا ہارمونیم نواز خوشی محمد امرتسری کے گھر جنم لینے والے عبد الرشید نے کیرئیر کا آغاز رشید عطرے کے نام سے 1942 میں بننے والی فلم ’’مامتا‘‘ سے کیا، رشید عطرے نے شیریں فرہاد، سرفروش، وعدہ، سات لاکھ، نیند، قیدی اور مکھڑا جیسی شاہ کار فلموں کی موسیقی ترتیب دی۔
انھوں نے موسیقار کے نام سے اپنی ذاتی فلم بھی بنائی، رشید عطرے کے مشہور نغمات میں آئے موسم رنگیلے سہانے، مجھ سے پہلی سی محبت میرے محبوب نہ مانگ، گائے گی دنیا گیت میرے اور لٹ الجھی سلجھا جا رے بالم شامل ہیں۔
برصغیر کے یہ عظیم موسیقار پندرہ فروری انیس سو انیس کو برطانوی انڈیا کے امرتسر میں پیدا ہوئے تھے جب کہ ان کا انتقال 18 دسمبر 1967 کو پاکستان کے شہر لاہور میں ہوا۔ نوجوان رشید عطرے نے موسیقی کی ابتدائی تعلیم کے اسباق اپنے والد ہی سے حاصل کیے اور پھر اپنے عہد کے عظیم گائیک استاد فیاض علی خان کے شاگرد ہو گئے، موسیقی میں ان کی ذہانت مشہور تھی۔