کراچی: ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں آج 9 محرم کے مرکزی جلوس نکلیں گے اور مجالس کا انعقاد ہوگا۔
کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے ایک بجے برآمد ہوگا، جلوس حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا، لاہور میں نو محرم کا مرکزی جلوس اسلام پورہ پانڈو اسٹریٹ سے برآمد ہوگا۔
اسلام آباد میں نویں محرم الحرام کا جلوس مرکزی امام بارگاہ اثنا عشریٰ جی سکس ٹو سے برآمد ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا وہیں اختتام پذیر ہوگا۔
اسلام آباد پولیس نے جی 6 میں مرکزی جلوس کے لیے سیکیورٹی انتظامات کر لیے، جلوس میں پیدل داخلے کے لیے 2 راستے مختص ہیں، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کے مطابق مختص راستوں کے علاوہ داخلے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی، داخلی راستوں پر اسکینرز بھی لگا دیے گئے ہیں، جب کہ 3 ہزار افسران و جوان جلوس کی سیکیورٹی پر مامور ہیں۔
9 محرم کے جلوس کے لیے ہمیشہ کی طرح سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور راستے سیل کیے جا چکے ہیں، جلوس کی گزر گاہوں پر موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔
9 محرم الحرام: پنجاب میں 1 لاکھ سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی پر تعینات
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ پشاور میں ڈرونز اور موبائل وینز کے ذریعے جلوس کی نگرانی کی جا رہی ہے، شہر میں 10 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں، صوبے میں 14 اضلاع کو حساس اور 8 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، سیکیورٹی کے لیے آرمی اور ایف سی اہلکار بھی تعینات ہیں۔
ملتان میں 9 محرم الحرام کے حوالے سے ضلع بھر میں 166 مجالس اور 80 روایتی جلوس برآمد ہوں گے، ممتاز آباد مرکزی ماتمی جلوس کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، اور سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں محرم کے پرامن جلوس نکالے جا رہے ہیں، لیکن مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے، حریت لیڈر یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کہتی ہیں کہ بھارت مسلسل کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے، بین الاقوامی برادری کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔