تازہ ترین

ملائشین ائیرلائن کے ملبے سے مشتبہ روسی میزائل کے ٹکڑے ملے

ہالینڈ: گزشتہ سال جولائی میں یوکرین کی فضائی حدود میں تباہ ہونے والے ملائشین ایئر لائنز کی پرواز ایم ایچ 17 کو روسی میزائل سے نشانہ بنائے جانے کا خدشہ ہے، ملبے سے روسی میزائل کے ٹکڑے ملے ہیں۔

ہالینڈ کے تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ طیارے کے ملبے سے ملنے والےٹکڑے ممکنہ طور پر زمین سے فضا میں نشانہ بنانے والے روسی میزائل سسٹم بوک کے ہیں، مغربی ممالک اس سے پہلے بھی طیارے کو مارگرانے کا الزام روس نواز باغیوں پر عائد کرتے رہے ہیں کیونکہ جس جگہ یہ طیارہ گرا وہ علاقہ روس نواز باغیوں کے زیرِ اثر تھا جبکہ روس اور باغی اس الزام کو رد کرتے رہے ہیں۔

روس کا الزام ہے کہ طیارے کو یوکرینی فوج نے نشانہ بنایا تھا، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے ڈچ سیفٹی بورڈ کے ساتھ ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ روسی میزائل کے ’مشتبہ‘ ٹکڑے شمالی یوکرین میں تباہ شدہ طیارے ملبے کی تلاش کے دوران حاصل کیے گئے ہیں۔

تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ طیارے کی تباہی اور میزائل کے ٹکڑوں کے تعلق سے متعلق کوئی بھی نتیجہ اخذ کرنا قبل از وقت ہے۔

ایمسٹرڈیم سے کوالالمپور جانے والے اس طیارے کو 17 جولائی 2014 کو مشرقی یوکرین کے اوپر مار گرایا گیا تھا اور اس پر سوار تمام 298 افراد ہلاک ہو گئے تھے، جن میں سے 196 کا تعلق ہالینڈ سے تھا۔

Comments

- Advertisement -