کراچی : ڈی آئی جی ٹریفک کراچی ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے کہا ہے کہ اسکول ٹرانسپورٹرز کے ڈرائیور بچوں کی عزت نفس کا خیال رکھیں شہر بھر میں اٹھارہ ہزار سے زائد اسکول بسیں چل رہی ہیں ان کا مکمکل ڈیٹا مرتب کیا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے سامنے دو بڑے مسائل ہیں جن میں اسکول کے بچوں کا تحفظ اور ٹیکسی اور رکشہ کے کرائے کا نظام وضع کرنا۔
اس سلسلہ میں اسکول انتظامیہ اور ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن سے مذاکرات جاری ہیں، اسکول بسوں کیلئے کچھ شرائط رکھی گئی ہیں جس کے مطابق اسکول بس یا وین کا رنگ پیلا ہوگا اور اسکول کانام بھی لکھا جائے گا۔
بس میں بچوں کے اتارنے اور چڑھانے کیلئے ایک ہیلپر کا ہونا بھی لازمی ہے۔ اسکول وین میں کوئی گیس سلینڈر لگانےاور نہ اوور لوڈنگ کی اجازت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسکول انتظامیہ ایک ماہ کے اندر بسوں کی رجسٹریشن کروالیں، بصورت دیگر اکیس اگست کے بعد ہدایات پر عمل نہ کرنے والے اسکولز اور ڈرائیورز کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔