اسلام آباد: عمران خان کی اہلیہ ریحام خان ملک میں جعلی ڈگریوں کے رجحان پر پریشان ہیں کہتی ہیں جعلی ڈگریوں کا راستہ روکنے کیلئے معیاری اور سستی تعلیم کی فراہمی ضروری ہے۔
بلوچستان میں تعلیم کے متعلق اسلام آباد میں ہونے والی ایک تقریب سے خطاب میں مسزعمران خان نے سیاستدانوں کو آڑے ہاتھوں لیا، کہتی ہیں سیاستدان تعلیم کا معیار بہتر بنانے کیلیے سنجیدہ ہی نہیں ہیں، ہمارے سیاستدانوں کے پاس تعلیم کے شعبے کے لیے وقت ہی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ طلباء کو فرنیچر یا لیپ ٹاپ دینے سے تعلیم کا معیار بہتر نہیں بنایا جا سکتا، تعلیم کا فروغ چاہیے تو تھنک ٹینکس سے روابط بڑھانا ہونگے۔
ریحام خان کا کہنا تھا پاکستان میں لوگوں کو ڈگری حاصل کرنے کا بہت شوق ہے جو اصل ڈگری حاصل نہیں کرسکتےوہ جعلی ڈگری بنوالیتے ہیں،جعلی ڈگریوں کی روک تھام کے لئے معیاری اور سستی تعلیم کا نظام بہتر بنانا ہوگا۔
ریحام خان کا مزید کہنا تھا اگر ان پر ہونے والی تنقید سے ملک میں لڑکیوں کی تعلیم بہتر اور چائلڈ لیبر ختم ہو سکتی ہے تو انہیں یہ تنقید بھی قبول ہے۔