کراچی: شہرقائد میں ٹریفک پولیس اہلکاروں پرفائرنگ کا ایک اورواقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک ٹریفک اہلکار زخمی جبکہ اہلکار کی جوابی فائرنگ سے حملہ آوربھی زخمی ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج بروز منگل کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں میٹرک بورڈ آفس کے نزدیک فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک بار پھر ٹریفک پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے ٹریفک پولیس اہلکار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار زخمی ہوا، ٹریفک اہلکار کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور بھی زخمی ہوا۔
نامعلوم حملہ آور موقع واردارت پراپنی موٹرسائیکل چھوڑ کرفرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق زخمی سپاہی کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش بھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکاروں پر یہ چھٹا حملہ ہے اور ان حملوں کے ردعمل میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کوان کے تحفظ کے لئے اسلحہ فراہم کیا گیا تھا