اسلام آباد: سیکورٹی زرائع نے دعوٰی کیا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کےلیے بھارت اورافغانستان کی خفیہ ایجنسیوں نے مشترکہ منصوبے بنالیے ہیں.
بھارتی خفیہ ایجنسی را اور افغان انٹیلی جنس نے پاکستان میں دہشتگردی کے لیے ہاتھ ملالیا ہے، ذرائع کے مطابق افغان انٹیلی جنس اور را نے لشکر فاروقی کے نام سے گروپ تشکیل دیا ہے، جس کا سربراہ مطیع الرحمان اور عبد الرحمان کو بنایا گیا ہے۔
گروپ میں آصف چھوٹو سمیت کئی خطرناک دہشتگرد شامل ہیں، جنہیں پنجاب میں اہم سیاستدانوں کو نشانہ بنانے کا ٹاسک دیا گیا.
سیکورٹی زرائع کے مطابق القاعدہ اور لشکر جھنگوی نے بھی ملک اسحاق کا بدلہ لینے کیلئے دو اہم حملوں کی منصوبہ بندی کی ہے، دونوں تنظیموں کو فنڈنگ اور تربیت بھارتی ایجنسی را دے رہی ہے۔
ذرائع نے انکشاف کیا کہ دہشتگردوں نے پانچ اور چھ ستمبر کی صبح ایک اہم ایئرپورٹ اور بس پر حملے کی منصوبہ بندی کی تھی، جسے بروقت کارروائی کرکے ناکام بنایا گیا۔
سیکورٹی زرائع کے مطابق پنجاب سے دو بھارتی ایجنٹس اور اسلام آباد سے دو افغان ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا، گرفتار دہشتگرد دوست ملکوں سے تعلق رکھنے والوں کو نشانہ بنا کر پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے.