کراچی : فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام کی واپسی شروع ہوگئی ہے، نجی ائیرلائن اور قومی ائیرلائن کی دو پروازوں کے ذریعے ڈیڑھ سو سے زائد حجاج وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
کراچی ائیرپورٹ پر نجی ائیرلائن کی پرواز کے ذریعے پچاس حجاج کرام وطن پہنچے جبکہ قومی ائیرلائن کی پرواز پی کے 732کے ذریعے سو سے زائد حجاج کرام واپس آئے، جن کا استقبال کرنے کے لئے انکے اہل خانہ اور دوست احباب کی بڑی تعداد موجود تھی۔
وطن واپسی پر میڈیا سے گفتگو میں حجاج کرام کا کہنا تھا کہ وزارت مذہبی امور اور حج مشن کی ناقص انتظامات کے باعث حجاج کرام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سانحہ منیٰ کے بعد سعودی حکام نے بروقت اقدامات کئے تاہم سعوی عرب میں ملکی سفارتخانے کا کوئی کردار نظر نہیں آیا۔
وطن لوٹنے والے حجاج کرام نے آب زم زم کے کین نہ ملنے کا شکوہ بھی کیا، ان کا کہنا تھا کہ نجی ائیرلائنز کے ذریعے لوٹنے والے حاجیوں کو آب زم زم نہیں فراہم کیا جارہا۔