اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھارتی وزیرخارجہ کی الزام تراشیوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا غاصب ہی اقوام متحدہ میں اپنے وعدوں سے پھرسکتا ہے.
دفتر خارجہ نے اقوام متحدہ میں بھارتی وزیرخارجہ کی زہرافشانی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے صاف صاف کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت نے غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے، سات لاکھ سے زائد بھارتی فوج کشمیریوں پر مسلط ہے جبکہ ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کا خون بہایا جا چکا ہے، ہزاروں عورتوں کو بیوہ اور ذیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک غاصب ہی اقوام متحدہ سے اپنے کیے گئے وعدوں سے پھر سکتا ہے.
دفتر خارجہ کے ترجمان نے جواب میں واضح کیا کہ خطے کے امن کے لئے آپریشن ضرب عضب جاری ہے، بین الاقوامی برادری دہشتگردوں کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا رہی ہے جبکہ بھارت خطے میں دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے.
یاد رہے کہ گذشتہ روز بھارتی وزیرِ خارجہ سشما سوراج اقوام متحدہ میں پاکستان کی جانب سے قیام امن کی پیشکش کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ چارنکاتی امن فارمولے کی ضرورت نہیں ہے۔