اسلام آباد: سانحہ منی میں شہید پاکستانی حجاج کی تعداد اٹھاون ہوگئی جبکہ ایک سودو لاپتہ ہیں اور انچاس زخمی پاکستانی بھی اسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں.
سانحہ منیٰ ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستانی خاندان پر غم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، منٰی میں شہید پاکستانی حاجیوں کی تعداد اٹھاون ہوگئی جبکہ انچاس زخمی پاکستانی اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔
وزارت مذہبی امور نے سانحہ منیٰ سے متعلق تازہ ترین تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کردیں، تفصیلات کے مطابق ایک سو دو پاکستانی حاجیوں سے متعلق تاحال کوئی معلومات حاصل نہیں ہوسکیں تاہم حاجیوں کی شناخت اور گمشدہ حاجیوں کی تلاش کا عمل جاری ہے، نئی فہرست کے مطابق دوسو بانوے پاکستانی حجاج سے رابطہ ہوگیا ہے.
دوسری جانب سعودی سفیرعبداللہ مرزوق الزہرانی نے چیئرمین سینٹ رضاربانی سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور ان سے سانحہ منی میں شہید ہونیوالے پاکستانی حاجیوں کی وفات پرتعزیت کی.
سعودی سفیر نے چیئرمین سنیٹ کوسعودی عرب میں ہونیوالے حالیہ افسوسناک واقعے پربریفنگ دی، اس موقع پر دوطرفہ ملکی برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، سعودی سفیر نے چیئرمین سینٹ کو بتایا کہ خادم حرمین الشرفین نے منی سانحے کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے.
سعودی سفیرعبداللہ مرزوق الزہرانی کا کہنا تھا کہ سچ کے متلاشی بدنیتی پرمبنی من گھڑت افواہوں پرکان نہ دھریں،ان افواہوں کا مقصد رائے عامہ کو گمراہ کرنا ہے.
انھوں نے چیئرمین سنیٹ کو سعودی حکومت کی جانب سے مناسک حج کیلئے کئے اقدامات پربریفنگ بھی دی، سعودی سفیر نے رضاربانی کو بتایا کہ ان کی حکومت نے تمام ممالک کو اپنے شہداء کو شناخت کرنے کی سہولت اور زخمیوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کیں.