بلوچستان لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل دو ہزارچودہ صوبائی اسمبلی میں پیش کر دیا گیا، پولیس اہلکاروں پرتشدد کے الزام میں گرفتار رکن اسمبلی عبدالرحمان کھیتران بھی اسمبلی اجلاس میں شریک ہوئے۔
بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں لوکل گورنمنٹ کا ترمیمی مسودہ قانون دو ہزار چودہ ایوان میں پیش کر دیا گیا، بل صوبائی وزیر بلدیات مصطفی خان ترین نے پیش کیا۔
اس کے ساتھ جعفر خان مندوخیل کی ڈیرہ اسماعیل خان بلوچستان کی مختلف شاہراہوں کی تعمیر، مرمت اور موٹر وے پولیس تعینات کرنے کی قرارداد بھی مشترکہ طور پر منظور کرلی گئی۔
اجلاس کی خاص بات پولیس اہلکاروں پرتشدد کے الزام میں گرفتار رکن اسمبلی سردار عبدالرحمان کیتھران کی آمد تھی وہ بکتر بند گاڑی میں اسمبلی پہنچے ۔
بلوچستان اسمبلی نے آرڈر پاس کیا تھا، جس کی بدولت انھیں اسمبلی اجلاس میں شرکت کی اجازت ملی، اس سے پہلے سردار عبدالرحمن کھیتران کو سخت سیکیورٹی میں بارکھان سے کوئٹہ منتقل کیا گیا، رکن اسمبلی کو ان کی رہائش گاہ میں رکھا گیا ہے، جسے سب جیل قرار دے دیاگیا ہے۔