زیورخ : فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی ایتھکس کمیٹی نے تنظیم کے صدر سیپ بلاٹر کو نوے روز کیلئے معطل کردیا.
کرپشن اسکینڈل نے سیپ بلاٹر کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، فیفا کی ایتھکس کمیٹی نے تنظیم کے صدر سیپ بلاٹر ، سیکرٹری جنرل جیروم والک اور نائب صدر مائیکل پلاٹینی کو نوے روز کے لئے معطل کردیا۔
تینوں آفیشلز انکوائری مکمل ہونے تک فٹبال کی کسی بھی طرح کی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکتے جبکہ ڈسپلن کی خلاف ورزی پر فیفا کے سابق نائب صدر چنگ مونگ جون کو چھ سال کیلئے معطل اور جرمانہ عائد کردیا ہے۔
سیپ بلاٹر پر یوئیفا کے صدر کو غیر قانونی طور پر فنڈز مہیا کرنے اور دیگر الزامات ہیں، بلیٹر کی معطلی کی سفارش ان کے خلاف سوئس اہلکاروں کی جانب سے گذشتہ ماہ سے جاری فوجداری تحقیقات کے آغاز کے تناظر میں کی گئی تھی۔
سیپ بلاٹر نے تمام الزامات کو مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ وہ کرپشن میں ملوث نہیں رہے، ان پر لگنے والےالزامات بے بنیاد ہیں.