لاہور: اقوام متحدہ کے خصوصی کمیشن برائے انسانی حقوق نے وفاقی حکومت سے عالمی انسانی حقوق کے قوانین کے موافق سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا ہے جنہیں پاکستان نے تسلیم کررکھا ہے۔
کمیشن برائے انسانی حقوق کی جانب سے سزائے موت کے خلاف عالمی دن کے موقع پرجاری کردہ اعلامیے میں کہا ہے کہ کمیشن نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ سزائے موت پرسے اٹھنے والی پابندی ختم ہونے کے بعد پیش آنے والے معاملات کا نوٹس لے۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملک میں دی جانے والی سزائے موت کے کیسز میں یہ امر یقینی بنانا ضروری ہے کہ سزا پانے والے ملزمان کم عمرنا ہوں اور سزا کے وقت ان کی ذہنی اور جسمانی حالت درست ہو۔
ادارے کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس معاملے کے حل کے لئے حکومت کو وقتی طور پر موت کی سزائیں معطل کرکے باقاعدہ پالیسی متعین کرنی چاہیئے ناکہ آخری وقت پر فیصلہ لے۔