اسلام آباد : ڈپٹی کلکٹر کسٹم علیمہ رضا کی گلی میں بچوں کا کرکٹ کھیلنا بڑا جرم بن گیا ۔ تین کمسن بچوں کو مجرم بن کر عدالت میں پیش ہونا پڑا ۔
تفصیلات کے مطابق سات سال کا عبدالمنان ،تین سال کے محب اور دو سال کی مہناج ڈپٹی کلکٹر کسٹم علیمہ رضا کی گلی میں کرکٹ کھیل رہے تھے کہ گیند گلی میں کھڑی ڈپٹی کلکٹر کسٹم کی گاڑی کے شیشے پر جا لگی جس سے گاڑی کا شیشہ ٹوٹ گیا۔
خاتون ڈپٹی کلکٹر کو گلی میں بچوں کا شور پہلے ہی پسند نہیں تھا۔ یہ منظر دیکھ کر موصوفہ شدید غصے میں آگئیں اور ڈپٹی کلکٹر علیمہ رضا نے اسسٹنٹ کمشنر کو مذکورہ بچوں کے خلاف کارروائی کیلئے درخواست دے ڈالی۔
بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے بھی بچوں کی عمریں جانے بغیر انہیں طلب کرلیا۔ حیران پریشان بچوں کو اسسٹنٹ کمشنر کے حضور مجرم کے طور پر پیش ہونا پڑا۔ لیکن اے سی کی عدم موجودگی کے باعث کیس کی سماعت انتیس اکتوبر تک ملتوی ہوگئی۔