لندن: وزیراعظم نواز شریف نے لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیوکلئیر دھماکے ہماری ہی حکومت میں کئے گئے تھے اور ہر صورت پاکستان کے مفادات کا دفاع کریں گے۔
وزیراعظم نواز شریف امریکی صدر باراک اوباما کی دعوت پر تین روزہ دورہ امریکہ کے لئے روانہ ہوچکے ہیں اور لندن میں قیام کرکے امریکہ جائیں گے۔
لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے معاملے پرپاکستان پر کوئی دباوٗ نہیں ہے اور راہداری سے متعلقہ کئی منصوبے شروع ہوچکے ہیں۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کو بھی ووٹ کا حق ملے ہرشخص کو ووٹ ڈالنے کا حق ہونا چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہونے والی نئی قسم کی سیاست پر افسوس ہوتا ہے سیاستدانوں کو عوام کے سامنے ذمے دارانہ رویہ اختیار کرنا چاہیئے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ہم اسٹے کے بجائے الیکشن میں گئے اورہمیں فتح ملی، جبکہ اوکاڑہ میں تحریک انصاف کے امید وارکی ضمانت تک ضبط ہوگئی ہے۔
امریکی میڈیا میں وزیراعظم کے دورے کے دوران نیوکلئیر اثاثوں کو محدود کرنے کے مطالبے سے متعلق سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ 1999 میں ہماری ہی حکومت نے ایٹمی دھماکے کئے تھے اور آج بھی ہرصورت پاکستان کے مفادات کا دفاع کریں گے اور اس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔