کراچی: جامعہ کراچی نے پی ایچ ڈی کے لئے یونیورسٹی کے خرچے پربیرونِ ملک جانے والے اساتذہ کو واپس بلانے کے لئے متعلقہ ممالک سے رابطہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا اورناروے سمیت دیگرممالک کو خطوط ارسال کئے ہیں جس میں پاکستان سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد پاکستان واپس نہ آنے والے افراد کو بے دخل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
جامعہ کراچی کے رجسٹرار کی جانب سے لکھے گئے خط میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر پی ایچ ڈی پروگرام کے بارہ اساتذہ بے دخلی اور ان سے مطلوبہ رقم وصول کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔
جامعہ کراچی کے سینڈی کیٹ کے اجلاس میں بھی یہ معاملہ ایجنڈے میں شامل تھا جامعہ کراچی کے پی ایچ ڈی پروگرام کے تحت فی استاد اسی لاکھ روپے سے زائد کی رقم خرچ کرچکی ہے۔
واضح رہے کہ پروگرام کے تحت اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے اساتذہ نے یونیورسٹی انتظامیہ سے اس بات کا معاہدہ بھی کیا تھا کہ پروگرام مکمل ہونے کے بعد اپنی خدمات جامعہ کراچی کو پیش کریں گے تاہم اب یہ اساتذہ وطن آنے کو تیارنہیں ہیں۔