وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان سے زیادہ مقبول ہوگئے.
الزامات و تنقید کے باوجود وزیراعظم نوازشریف کی مقبولیت کا گراف بلند یوں پر پہنچ گیا، پلڈاٹ سروے کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق نواز شریف اس وقت ملک کے سب سے مقبول رہنما ہیں، ایک سال میں نوازشریف کی مقبولیت میں بائیس فیصد اضافہ ہوا جبکہ کپتان کی مقبو لیت تین فیصد کمی کے بعد اونچاس فیصد رہ گئی ۔
نوازشریف کی مقبولیت دوہزار چودہ میں تریپن فیصد تھی، جو دوہزار پندرہ میں بڑھ کر پچھتر فیصد ہوگئی، عمران خان کی مقبولیت دوہزار چودہ میں باون فیصد تھی، جو دوہزار پندرہ میں کم ہوکر اونچاس فیصد ہوگئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف مقبولیت میں وزیراعظم محمد نواز شریف کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں، شہبازشریف کی مقبولیت ستاون فیصد سے بڑھ کر تہتر فیصد تک پہنچ گئی.
سروے میں دیگرقومی سیاسی قائدین کی درجہ بند ی نسبتاً کم رہی ہے ۔ الطاف حسین 13فیصد اپرول ریٹنگ کے ساتھ سب سے کم مقبول قائد کے طور پر سامنے آئے ہیں ۔ چوہدری شجاعت حسین 19فیصدجبکہ اسفند یار ولی 18فیصد اپرول ریٹنگ پر دیکھے گئے ۔اسی طرح پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری 27فیصد کی کمزور ریٹنگ پر رہے
دوہزار تیرہ کے عام انتخابات میں دھاندلی کایقین کرنے والوں کی تعداد میں بھی سات فیصد کی نمایاں کمی ہوئی جبکہ سروے رپورٹ میں پچھتر فیصد افراد نے فوج کو سب سے قابل بھروسہ ادارہ قرار دیا، اکاون فیصد شہریوں نے حکومت کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا۔