واشنگٹن : وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ اقتصادی تعلقات اور پاک چین اقتصاد ی راہدری منصوبہ ملکی معیشت میں انقلاب برپاکردیگا،آنے والی نسلیں لوڈشیڈنگ بھول جائیں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے واشنگٹن کے پاکستانی سفارتخانے میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالئے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہدری منصوبہ ملکی معیشت میں انقلاب لائے گا۔ پاکستان میں مثبت تبدیلی کا آغاز ہو چکا ہے، آج کا کراچی، بلوچستان، فاٹا ڈھائی سال پہلے والا نہیں رہا۔ حکومت کی کوششوں سے وہاں اب امن قائم ہو چکا ہے.
انہوں نے کہا کہ پہلے ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں تھا، بلوچستان میں جنگ کی کیفیت تھی، آپریشن ضرب عضب کے بعد وہ دن دور نہیں جب دہشت گردی کا ناسور جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔
ان کہنا تھا کہ روس کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبہ اور اقتصادی تعلقات کی بحالی موجودہ حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔
لاہور کراچی موٹروے پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئینی مدت کے اختتام سے پہلے ہی ملک سے لوڈشیڈنگ کا ہمیشہ کے لئےخاتمہ کردینگے۔
آنے والی نسلیں پوچھیں گی لوڈشیڈنگ کیابلاہے؟ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ دوہزار اٹھارہ میں ایک روشن اور مستحکم پاکستان عوام کے پاس ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں ، بھارت سے تعلقات میں بہتری کیلئے پہلے مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہوگا۔
انہوں نے امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے مخاطب ہو کر کہا کہ وہ جانتے ہیں، ان کا دل اہل وطن کے ساتھ دھڑکتا ہے۔
پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پی ٹی آئی کانام لئے بغیراُسےہدف تنقید بنایا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کانام لئے بغیر کہاکہ ایک جماعت ملک پرسیاسی بحران مسلط کرنے کے درپے ہے ۔
جوڈیشل کمیشن کےقیام پرنوازشریف نے کہا کہ جن کے کہنے پرکمیشن بنایاانہوں نے ہی اس کے فیصلے کوسنجیدگی سےنہیں لیا۔
وزیراعظم نےحالیہ ضمنی انتخاب کے نتائج کاحوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اب وہ جماعت پھردھاندلی کاواویلاکرہی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ اب سب کوسنجیدگی سے ملکی ترقی کیلئے مل کرکام کرنا چاہئے۔