لاہور : قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے بھانجے رافع بشیر کی بطورڈائریکٹر حج توسیع کے خلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا ۔
جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار عارف عزیز کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ رافع بشیر پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں مگر اس کے باوجود انہیں حکومت نے بطور ڈائریکٹر حج توسیع دی۔
یہ توسیع بھی دسمبر دو ہزار چودہ میں ختم ہوچکی ہے اس کے باوجود رافع بشیر اپنے عہدے پر کام کررہے ہیں۔ سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ رافع بشیر کو دسمبر تک مزید کام کرنے کی اجازت دی جائے تاہم عدالت نے اسے مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ وزیر اعظم کے زبانی احکامت پر توسیع نہیں دی جاسکتی۔
ابھی وفاقی حکومت نے توسیع کے حوالے کو ئی نوٹیفکیشن بھی عدالت میں پیش نہیں کیا۔ رافع بشیر کا ویزہ آج ختم ہورہا ہے جس کے بعد وہ بطور ڈائریکٹر حج سعودی عرب میں کام نہیں کرسکتے۔
عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد رافع بشیر کی تعیناتی کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کرلیا۔