دبئی : پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز میں یونس خان کی شمولیت سوالیہ نشان بن گئی۔
تفصیلات کے مطابق تجربہ کار بیٹسمین یونس خان انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں ٹیم کا حصہ ہوں گے یا نہیں نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا۔
پی سی بی نے تنازعہ حل کرنے کے لئے چیف سلیکٹر ہارون رشید کو یو اے ای بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ریکارڈ پر ریکارڈ بنانے والے یونس خان کو تاحال ون ڈے سکواڈ کا حصہ بنانے کا فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔
نو ہزار رنز کا سنگ میل اور دبئی ٹیسٹ میں سنچری بنانے کے بعد بھی یونس خان ٹیم مینجمنٹ کو خوش نہ کرسکے۔
ذرائع کے مطابق انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لئے مرد بحران یونس خان کی سلیکشن پر ٹیم مینجمنٹ مہربان نہیں ہورہی ۔
سلیکشن کمیٹی نے یونس کو شامل کرنے کے لئے گرین سگنل دے دیا ہے لیکن ہیڈ کوچ وقار یونس، مینجر انتخاب عالم اور بولنگ کوچ مشتاق احمد نے لال بتی جلادی۔ جس سے سلیکشن کمیٹی میں تنازعہ شدت اختیار کرگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے معاملے کو سلجھانے کے لئے چیف سلیکٹر ہارون رشید کو یو اے ای بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یونس خان ورلڈ کپ کے بعد سے ون ڈے ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ اختلافات کے باعث ٹیم کے اعلان میں بھی تاخیر ہورہی ہے۔
پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان چار میچز کی سیریز کا آغاز گیارہ نومبر سے ابوظہبی میں ہوگا۔