اسلام آباد: ایرانی سپریم سیکورٹی کو نسل کے سیکرٹری علی شامخانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے باہمی تعاون سے گوادر اور چہابہار پورٹس کو فعال کر نے پرکام جاری ہے، ایران مسئلہ کشمیر کی کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کی حمایت کرتاہے۔
اسلام آباد میں مشیر خارجہ سر تاج عزیز کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ ملاقات میں پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر زور دیں گے، یمن کے مسئلے پر پاکستان کے موقف پر شکر گزار ہیں۔
ایران داعش کے خلاف بننے والے کسی بھی اتحاد کا ساتھ دے گا اور شام کے سیاسی مسئلے کی حمایت کر ے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ دیرینہ اسلامی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور بالخصوص پاکستان کے افغانستان میں قیام امن سے متعلق تعاون کی بھر پور حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان میں حالیہ زلزلے میں جانی نقصان پر دکھ ہے اور ایران نے حکومت کو ہر طرح کی مدد کی پیشکش بھی کی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردانہ کارروائیوں کا اسلام سے کو ئی تعلق نہیں ہے۔ پاکستان کے ساتھ صوبائی سطح پر، دفاع،مواصلات، معیشت اورسرحدی سیکورٹی کے شعبوں میں تعاون یقینی بنایا جائے گا۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتوں کے ساتھ نیو کلیئر ڈیل سے ایران معاشی طور پر مضبوط ہو گا اورخطے میں معاشی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ روس کی شام میں مداخلت بہت اہم ہے ۔