کراچی: امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی(USAID) دو ٹی وی اشتہارات ، معلوماتی مواد اور تصویری کتابچے کے ذریعے ماوں کو حمل اور بچے کی پیدائش کے دوران احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی فراہم کررہا ہے۔
اس موقع پر منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی میں امریکی قونصل جنرل برائن ہتھ نے کہا کہ اگر خواتین اور ان کے اہلخانہ کو غذائیت ، حفاظتی تدابیر کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے تو زچگی اور نوزائیدہ بچوں کی اموات کو کافی حد تک روکا جاسکتا ہے۔
امریکی قونصل جنرل نے مزید کہا کہ سینٹر فارکمیونکیشن پروگرامز CCP اور امریکہ کی جان جان ہپکنز یونیورسٹی کے ساتھ جڑا ادارہ جھیپیکو ان مقاصد کے حصول کے لئے یو ایس ایڈ کے زچہ و بچہ کی صحت کے پروگرام کیلئے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔
وزیر صحت سندھ جام مہتاب ڈاہر نے امریکی حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے تعاون پر شکریہ ادا کیا ،ان کا کہنا تھا کہ یو ایس ایڈ کا ماں اور بچے کی صحت کا پروگرام سندھ میں زچہ و بچہ کی صحت کی خدمات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔
تقریب میں سیکریٹری محکمہ بہبود آبادی سلیم رضا ، سیکریڑی محکمہ صحت سندھ سعید مگنیچو، CCP پروگرام کے سربراہ شعیب خان، کنٹری ڈائریکٹر جھیپکو فرید مدحت اور یو ایس ایڈ اور سندھ حکومت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔