اسلام آباد: سابق بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے کہا ہے کہ بہار کے انتخابی نتائج کے بعد مودی اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کریں گے۔
اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں انسانی جانوں کا ضیاع بڑا انسانی المیہ ہے،کشمیر کا مثبت حل نکلنا چاہیے،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ویسا نہیں ہے جیسا ہندوستان میں سمجھا جاتا ہے، ہندوستان کے رہنما عوام کو جیسا بتاتے ہیں وہ اسی پر یقین کر لیتے ہیں۔دونوں ملکوں کا میڈیا بہت طاقتور ہے ،لہذا صحافیوں کو دونوں جانب کے اخبارات میں آرٹیکلز شائع کرنے چاہیے۔
انہوں نے مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی کے پاس کشمیر ایشو سمیت کوئی بھی پالیسی نہیں ہے،سندھ میں سرکاری سطح پر دیوالی کا اہتمام کرنا خوش آئند ہے۔
ایم کیو ایم کو بھارتی فنڈنگ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی عدالت کے فیصلے کا انتظار کرنا ہو گا،برطانوی نظام عدل قابل بھروسہ ہے،انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان دہشتگردی کی ہر سطح پر مذمت کرتا ہے۔