جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

آرمی چیف کا دورہ امریکا، امریکی فوج کے ساتھ پہلی بار اسٹاف ٹاکس کا آغاز

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل راحیل شریف پانچ روزہ دورے پر پندرہ نومبر کو واشنگٹن پہنچ رہے ہیں،واشنگٹن میں دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ جنرل شریف اس دورے میں سینٹ کام کا دورہ نہیں کریں گے۔ دورے کے دوران امریکی فوج کے ساتھ پہلی باراسٹاف ٹاکس کا آغاز ہوگا.

دفاعی ذرائع کے مطابق جنرل راحیل شریف کے دورے کا مقصد امریکا کی نئی فوجی قیادت سے ملاقات کرنا ہے، گزشتہ چند ماہ میں امریکی آرمی چیف اور وزیر دفاع سمیت کئی اعلی فوجی عہدیدار تبدیل ہو چکے ہیں۔ جنرل راحیل شریف امریکی چیف آف سٹاف جنرل مارک اے ملی سے ون ٹو ون ملاقات کریں گے جبکہ امریکی جوائنٹ چیف آف سٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ ، وزیر دفاع ایش کارٹر ، نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر سوزن رائس اور وزیر خارجہ جان کیری سے بھی اہم ملاقاتیں ہوں گی۔

دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے پاکستان اور امریکی فوج میں باضابطہ طور ہر اسٹاف ٹاکس کا آغاز ہورہا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک کے فوجی ایک دوسرے کے ممالک میں تربیت حاصل کرنے کے علاوہ فوجی مشقوں میں بھی حصہ لیں گے۔ دورے میں افغانستان اور خطے کے سیکورٹی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دفاعی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ پاک فوج جوہری پروگرام کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ جنرل راحیل شریف کی ملاقاتوں میں سرحدوں پر پاک بھارت تناؤ پر بھی بات چیت ہوگی.

اس سے قبل وزیرِاعظم شریف نے 20 سے 23 اکتوبر تک امریکہ کا دورہ کیا تھا اور صدر اوباما سے ملاقات میں پاک بھارت تعلقات، مسئلہ کشمیر، افغانستان اور دہشت گردی اور سکیورٹی کے دیگر امور سمیت دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت کئی اہم موضوعات کے علاوہ جمہوری اصولوں کی حمایت پر تفصیلی بات چیت ہوئی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں