شارجہ : انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے شارجہ میں پاکستان کی ناکامی پر شکوک وشبہات ظاہر کردیئے۔ سابق پاکستانی کپتان راشد لطیف نے بھی سوال کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے ٹوئٹر پر نئی بحث چھیڑدی۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی جس طرح انگلینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میں کھیلےیہ بات کچھ ہضم نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ تین رن آؤٹ نے ان کا شک اور بھی بڑھادیا۔ جس طرح کھلاڑیوں نے شاٹس کھیلے وہ پہلے نہیں دیکھے۔ سابق انگلش کپتان نے کہا کہ کرکٹ میں مشکوک سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں جو نہیں ہونی چاہیئں۔ گڑ بڑ کرنے والوں کو لگتا ہے کہ سب احمق ہیں۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے بھی سوال کردیا۔ انہوں نے کہا کہ شارجہ میں پاکستانی ٹیم صرف دو سو آٹھ رنز پر ڈھیر ہوئی جس کے بعد فیلڈنگ میں بھی کھلاڑیوں نے کئی یقینی مواقع ضائع کردیئے۔