کراچی: ایم کیوایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف طالبان کے سیاسی ونگ ہیں۔
فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ کچھ جماعتیں امن و امان کی صورتحال کو بہانہ بنا کرالیکشن سے راہ فرار اختیار کرنے یا الیکشن کو ملتوی کرنے کی سازشیں کررہی ہیں کیونکہ انھیں اپنی شکست الیکشن میں نظر آچکی ہے۔
نائن زیرو پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف طالبان دہشتگردوں کے سیاسی ونگ ہیں اوراس وقت بلدیاتی انتخابات کو سبوتاژ کرنے اور امن و امان خراب کرنے کیلئے کراچی میں کاروائیاں کررہے ہیں۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ گذشتہ دو دن کے اندر ایم کیو ایم کے 33کارکنان گرفتار کئے جاچکے ہیں جس سے متحدہ کی انتخابی سرگرمیاں شدید متاثر ہورہی ہیں ڈسٹرکٹ ایسٹ،ڈسٹرکٹ ساوتھ اور ڈسٹرکٹ کورنگی میں گرفتاری کرکے ڈر و خوف کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے تاکہ ایم کیوایم کے مینڈیٹ کو نقصان پہنچایا جاسکے۔
فاروق ستار نے کہا کہ نومبر کے مہینے میں77کارکنان اور امیدواروں کو گرفتار کیا جاچکا ہے لگتا ہے کہ پھر سے ایسی کوئی پالیسی بنائی گئی ہے جس کے ذریعے متحدہ کا مینڈیٹ چھین کر کسی اورکو دیدیا جائے۔
انھوں نے کہا کہ ڈی جی رینجرز سے ملاقات میں یقین دلایا گیا تھا کہ آپریشن صرف جرائم پیشہ افراد کیخلاف کیا جائے گاجبکہ حکومت نے بھی اس حوالے سے یقین دہانی کرائی تھی جس پرہم نے استعفے واپس لیئے لیکن ایسا ہوتا نظرنہیں آرہا۔