ایبٹ آباد: ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں کے گاؤں پونہ میں پہاڑمیں شگاف پڑنے سے رابطہ سڑک لینڈ سلائڈنگ کی نظر ہوگئی جبکہ ایک مصنوعی جھیل بھی وجود میں آگئی۔
تفصیلات کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ سے پچاس سے زائد مکانات خطرے میں پڑ گئے ہیں جبکہ لینڈ سلائڈنگ کے باعث ندی سمندرمصنوعی جھیل میں تبدیل ہوگئی اورعلاقہ مکین کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پرمجبورہیں۔
تفصیلات کے مطابق یونین کونسل ناڑہ کے سیاحتی مقام سجی کوٹ سے چارکلومیٹر کے فاصلہ پرواقعہ گاؤں پونہ میں پہاڑمیں شگاف پڑنے سے لینڈ سلائڈنگ کے سبب رابطہ سڑک مکمل تباہ ہو گئی۔
لینڈ سلائیڈنگ کے سبب پہاڑکے اوپررہائش پذیر پچاس سے زائد مکانات کے مکین نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو گئے اورعلاقہ پونہ اورپچاس سے زائد دیہاتوں کا رابطہ ایبٹ آباد اوراسلام آباد سے منقطع ہوگیا۔
بڑی تعداد میں لینڈ سلائڈنگ کا ملبہ ندی سمندرمیں گرنے سے کئی فٹ اونچی مصنوعی جھیل میں تبدیل ہوگئی۔
کے پی کے اسمبلی میں مسلم لیگ نواز کے پارلیمانی لیڈر سرداراورنگزیب نلوٹھہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے لینڈ سلائڈنگ سے متاثرہ علاقہ میں تاحال امدادی کاروائیوں کا سلسلہ شروع نہیں کیا، اگر کل تک کام شروع کیا گیا تو احتجاج کریں گے، صوبائی حکومت کا نہ تو کوئی وزیر اور نہ مشیرمتاثرین کی مدد کیلئے تاحال آیا ہے۔