کراچی: وزیراعظم میاں نواز شریف مختصردورے پرکل کراچی پہنچیں گے جہاں وہ امن وامان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف گورنرہاؤس کراچی میں امن وامان کے حوالے سے منعقد ہونے والےاعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں صوبے کی اہم شخصیات شرکت کریں گی۔
وزیراعظم کی زیرصدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں کراچی میں رینجرزکے اختیارات کی توسیع کا معاملہ بھی زیرغور آئے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف سندھ حکومت کے ساتھ رینجرزکے معاملات اورکراچی آپریشن کے حوالے سے اہم فیصلے کریں گے۔
واضح رہے کہ رینجرز کو کراچی میں حاصل خصوصی اختیارات کی مہلت ختم ہوچکی ہے اورتوسیع کی سمری 11روز قبل موصول ہوجانے کے باوجود وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے اس پردستخط نہیں کئے ہیں۔
قومی ایکشن پلان کے سلسلے میں تشکیل کردہ ایپکس کمیٹی سندھ نے گزشتہ دنوں فیصلہ کیا تھا کہ کراچی آپریشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات کا دائرہ اندرونِ سندھ تک وسیع کیا جائےگا۔