کراچی : یم اے جناح روڈ کراچی میں ملٹری پولیس پر حملے میں ملوث ملزمان کے خاکے تیار کرلئے گئے جس کی مدد سے اصل دہشت گردوں کی گرفتاری کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔
اس سے قبل دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا تھا جنہیں تفتیش کے بعد رہا کردیا گیا، تفتیشی حکام کے مطابق عینی شاہدین کی مدد سے ایم اے جناح روڈ پر ملٹری پولیس پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کے خاکے تیار کئے گئے ہیں جس کے مطابق ملزمان کی عمر تیس سے پینتیس سال کے درمیان تھی ملزمان نے ٹوپیاں پہن رکھی تھی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ان خاکوں کی مدد سے اصل دہشت گردوں تک پہنچنے میں بہت مدد ملے گی اور شہریوں سے بھی گذارش ہے کہ ان خاکوں سے ملتے جلتے کسی شخص کو دیکھیں تو پولیس کو اطلاع دیں اظلاع دینے والے کا نام صغیہ راز میں رکھا جائے گا۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ اس سے قبل سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والے ملزمان سے ممالثت رکھنے والے دو افراد کو گارڈن سے پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لیا گیا تھا، جن کے نام خالد اور رحمٰن تھے ملزمان پولیس کی تفتیش کے دوران بے گناہ ثابت ہوئے جس کے بعد انہیں رہا کردیا گیا تھا۔
پولیس اب عینی شاہدین کے بیانات خاکوں اور دیگر شواہد کی مدد سے تفتیش مثبت انداز میں آگے بڑھا رہی ہے اس سلسلے میں پولیس کافی پر امید ہے کہ جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔