نیویارک : امریکا اوراقوام متحدہ نے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دورے کے خطے پرمثبت اثرات ہوں گے۔
بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کا دورہ پاکستان نہ صرف دونوں ملکوں کے عوام بلکہ دنیا بھرکی توجہ کا مرکز بن گیا، عالمی برادری نے مودی کے دورہ پاکستان کو خطے کے لئے خوش آئند قرار دیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے بیان میں کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے پاکستان جانے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ امریکا دونوں ملکوں کے درمیان بہترتعلقات کا خواہاں ہے۔ پاک بھارت خوشگوار تعلقات سے خطے میں خوشحالی آئے گی۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کا کہنا تھا بھارتی وزیراعظم کے دورہ پاکستان کے خطے کے مستقبل پرمثبت اثرات ہوں گے۔دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری آنے چاہئیے اوررابطوں کو فروغ دینا چاہئیے، دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات سے مذاکرات کا عمل نہ صرف جاری رہے گا بلکہ مزید مضبوط ہوگا۔