ریاض : سعودی عرب نے تہران میں سعودی سفارتخانے پر حملے کے بعد ایران سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا ہے،
سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے ریاض میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ایران سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا، عادل الجبیر نے بتایا کہ ایرانی سفارتی مشن اور دیگر عملے کوسعودیہ عرب چھوڑنے کیلئے اڑتالیس گھنٹوں کا وقت دیا ہے۔
سعودی عرب اور ایران میں بڑھتی کشیدگی سے خطے کے امن کے لئے خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے، سعودی عرب میں عالم دین کو سزائے موت دئیے جانے کے بعد سعودی عرب کے خلاف ایران اور بحرین میں احتجاج کیا گیا، تہران میں مشتعل مظاہرین نے سعودی سفارتخانے کو آگ لگا دی۔
سعودی عرب نے جواب میں شدید ردعمل دیتے ہوئے ایران سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ تہران میں سعودی سفارتخانے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، خطے میں ایرانی مداخلت جاری ہے،اورسعودی عرب کی سلامتی کونقصان پہچانےکی اجازت نہیں دی جائیگی۔
سعودی وزیرخارجہ نے واضح کیا کہ سعودی عرب کا عدالتی نظام آزاد ہے، مکمل تحقیقات کے بعد سینتالیس مجرمان کو سزائے موت دی گئی، عادل الجبیر نے عزم ظاہر کیا کہ عرب اتحادشدت پسندی ختم کرکے دم لے گا۔