منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگزکی تعارفی تقریب، کھلاڑیوں کا والہانہ استقبال

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل کی کراچی کنگز کی ٹیم کی تعارفی تقریب کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر اہلیان کراچی کا جذبہ قابل دید تھا۔

تقریب میں شرکت کیلئے چوہدری عبدالجلیل المعروف چاچا کرکٹ بھی خاص طور سے کراچی تشریف لائے، اور انہوں نے اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کنگز کی فتح اور اس کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

- Advertisement -

اسٹیڈیم شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا ، جس میں خواتین اور بچوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی، اسٹیڈیم میں اے آر وائی گروپ کے سی ای او سلمان اقبال داخل ہوئے تو اسٹیڈیم میں موجود حاضرین نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔

اس موقع پر گورنرسندھ عشرت العباد، ڈی جی رینجرز میجر بلال اکبر، کراچی کے نامزد میئر ایم کیوایم کے رہنما وسیم اختر، تحریک انصاف کے فیصل واوڈا کے علاوہ دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

فیصل واوڈا نے کراچی کنگز کی جرسی زیب تن کی ہوئی تھی، تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ تقریب کی کمپیئرنگ کے فرائض معروف اداکار فہد مصطفیٰ نے انجام دیئے۔

اس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا، جسے حاضرین نے عقیدت و احترام کے ساتھ کھڑے ہو کر سنا، معروف گلوکار علی عظمت نے کراچی کنگز کا ترانہ پیش کیا۔

 اے آر وائی گروپ کے سی ای او سلمان اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ایونٹ کراچی والوں کا ایونٹ ہے۔ اور ٹیم صرف اے آر وائی کی نہیں پوری کراچی کی ٹیم ہے۔

کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ کراچی والوں یہ شہر ہمارا ہے، ہمیں اس کو اجاگر کرنا ہے، کراچی والوں دنیا کو بتانا ہے کہ کراچی کی رونقیں واپس آرہی ہیں اور ہر کراچی والا کپتان ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اس شہر کی محبت نے ٹیم خریدنے پر مجبور کیا، اور آج میں بہت  اپنے  خوش ہوں کہ میں نےشہر کیلئے کچھ کیا۔

 انہوں نے سیکیورٹی کے بہترین انتظامات پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد ، ڈی جی رینجرز ، ایڈیشنل آئی جی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ عشرت العباد نے کہا کہ میں اس ایونٹ پر کراچی کے تمام شہریوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ اے آر وائی گروپ کے سی ای او سلمان اقبال کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اس شاندار تقریب کا اہتمام کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر عشرت العباد نے گٹٓار پر قومی ترانے کی کوبصورت دھن پیش کرکے سماں باندھ دیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔

کراچی کنگزکی لانچنگ تقریب میں شہری لسانی و مسلکی تفریق سے بالاتر ہوکر سب پاکستانی اور کراچی والے نظر آئے۔

کراچی کنگز کی لانچنگ تقریب کو سیاست اور شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شہر قائد کیلئے تحفہ قرار دیا۔

جنوری کی سرد شام میں ہونے والی پرجوش تقریب نے نیشنل اسٹیڈیم کو جگ مگا دیا۔ ایونٹ میں شریک مختلف سیاسی رہنماؤں نے اے آر وائی اور کراچی کنگز ٹیم کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

نامزد مئیر کراچی وسیم اختر اور کراچی کے نامزد ڈپٹی مئیر ارشد وہرہ کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہری اپنی ٹیم کو مکمل سپورٹ کریں گے۔

مشہور زمانہ کامیڈین عمر شریف نے کہا کہ عوام کا جذبہ دیکھ کر 1980 اور 1990 کاکراچی یاد آ رہا ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا کہ کراچی کنگز کے کھلاڑی اپنے لوگو یعنی شیر معروف شخصیات کا کراچی کنگز اور اے آر وائی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

بعد ازاں کراچی کنگز کے کھلاڑیوں کو اسٹیج پر مدعو کیا گیا، ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کراچی کے شہریوں کا شکریہ ادا کیا، اور پی ایس ایل میں اپنی ٹیم کی بہتر کارکردگی کے عزم کو دہرایا۔

کراچی کنگز کی شاندار تعارفی تقریب میں علی عظمت ،فاخر، اور علی حیدر، سلیم جاوید ، شازیہ خشک ، حسن جہانگیر سمیت دیگر نامور گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، جس نے حاضرین کو جھومنے پر مجبور کردیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں