اسلام آباد : سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پاک چین راہداری پرصرف پنجاب کونوازا جارہا ہے ملکی تاریخ کے سب سےمہنگے قرضے لئے گئے۔ حکومت کی تجربہ کارٹیم ناکام ہوگئی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اسد عمر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے وفاقی حکومت کی ڈھائی سالہ کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کردیا۔
پریس کانفرنس کے دوران وفاقی حکومت کی وسط مدتی معاشی پالیسیوں کا جائزہ پیش کرتے ہوئے عمران خان نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی تجربہ کار ٹیم نے تاریخ کے مہنگے ترین نرخوں پر قرض لے کر ملکی معیشت تباہ کر دی۔
ان کا کہنا تھا کہ ناقص پالیسیوں کے باعث تعلیم،صحت اورپینے کے صاف پانی جیسے سہولیات پر میٹرو اور اورنج لائن ٹرین جیسے منصوبوں کو اہمیت دی گئی۔
عمران خان نے کہا ہمارے بتائے گئے اعدادو شمار پر شک ہے تو وفاقی حکومت کے ساتھ کہیں بھی مناظرےکے لئے تیار ہیں۔