جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

باچا خان یونیورسٹی حملہ: پروفیسرسمیت 20 شہید، 4 دہشت گرد ہلاک

اشتہار

حیرت انگیز

چارسدہ: باچا خان یونیورسٹی پرمسلح افراد نے آج صبح حملہ کیا اورشدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پروفیسر سمیت 20 افراد شہید ہوگئے اور 20 زخمی ہیں جب کہ پاک فوج کی جانب سے کی گئی جوابی کاروائی میں چاردہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔


براہ راست اپڈیٹ


تفصیلات کے مطابق آج بروز بدھ علی الصبح نامعلوم مسلح افراد شدید دھند کا فائدہ اٹھاتے ہوئے باچا خان یونیورسٹی صدرکیمپس پرحملہ آورہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد پانچ ہے جو کہ عقبی حصے سے یونی ورسٹی میں داخل ہوئے ہیں۔

- Advertisement -

بھارتی وزیراعظم کی مذمت


بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے باچا خان یونیورسٹی حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں جاں بحق افراد کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہارکیا ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ٹویٹر پیغم میں کہا ہے کہ حملے میں زخمی افراد کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہوں۔


وزیراعظم نوازشریف کی مذمت


وزیراعظم نواز شریف نے باچا خان یونی ورسٹی پرحملے پراظہارِافسوس کرتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

نوازشریف کا کہنا تھا دہشت گردوں کوجلدازجلد کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا انکا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کاکوئی مذہب اورعقیدہ نہیں ہوتا۔

ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق کارروائی کے بارے میں وزیراعظم کو لمحہ با لمحہ آگاہ کیا جا رہا ہے اوروہ صورتحال کی خود نگرانی کررہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آج ہونے والے اندوہناک حادثے کےپیشِ نظروزیراعظم نے اپنا غیر ملکی دورہ مختصر کرکے جلد ازجلد وطن لوٹنے پرغور کرنا شروع کردیا ہے۔


وزیراعظم کا کل یوم سوگ کااعلان،پرچم سرنگوں رہے گا


وزیراعظم نوازشریف نے باچاخان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے پر پورے ملک میں کل سوگ کا اعلان کر دیاہے۔

سندھ حکومت نے بھی سانحہ چارسدہ پرتین روزہ سوگ کا اعلان کیاہے، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی کے ارکان ملک بھر میں دفاتر میں قرآن خوانی کا اہتمام کریں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے سانحہ چارسدہ پر صوبے میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

خیبر پختون خواہ حکومت نے بھی سانحہ چارسدہ پر تین جبکہ پنجاب حکومت نے ایک روزہ سوگ کا اعلا ن کیاہے اورملک بھر میں سرکاری عمارتوں پر پرچم سر نگوں رہے گا۔


تحریکِ طالبان پاکستان نے ذمہ داری قبول کرلی


فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق تحریکِ طالبان پاکستان نے باچا خان یونی ورسٹی پر حملے ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

تحریک طالبان پاکستان کےترجمان عمرمنصورنے غیر ملکی خبررساں ادارے کوبتایا کہ ان کے چارخودکش حملہ آوروں نے باچا خان یونی ورسٹی پرآج حملہ کیا ہے۔

عمرمنصورنے نامعلوم مقام سے ٹیلی فون کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ قبائلی علاقوں میں جاری پاک فوج کے آپریشن کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔


آرمی چیف جنرل راحیل شریف باچا خان یونی ورسٹی پہنچ گئے


پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف باچا خان یونی ورسٹی پہنچ گئے جہاں انہیں دشہت گردوں کے حملے کے خلاف پاک فوج دیگر سیکیورٹی اداروں کی جانب سے کی جانے والی کاروائی پربریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گرد خود کو پولیس اہلکارظاہرکرکے باچا خان یونی ورسٹی میں داخل ہوئے اورسب سے پہلے انہوں نے نزدیک ہی واقع بوائزہاسٹل کو نشانہ بنایا۔


تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی گفتگو


تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خود جائزہ لوں گا کہ کہاں کہاں غلطیاں ہوئیں۔

بنی گالہ سے باچا خان یونی ورسٹی چارسدہ کی جانب روانہ ہوتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواہ کے چیف سیکرٹری سے مسلسل رابطے میں ہوں اور وزیراعلیٰ پرویزخٹک کو بھی اسکاٹ لینڈ سے واپس بلالیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آرمی پبلک اسکول پشاورحملے کے بعد سے قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور دہشت گردوں کے خلاف کاروائی جارہی ہیں۔


تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان


ضلعی ناظم چارسدہ نے 31 جنوری تک ضلع میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔

اعلان کے مطابق ضلع کے تمام نجی وسرکاری اسکول، کالج اور جامعہ 31 جنوری 2016 تک سیکیورٹی نقطہ نظر سے بند رہے گی۔


صوبائی وزیرشاہ فرمان کی میڈیا سے گفتگو


صوبائی وزیرشاہ فرمان نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئےاب تک 14 افراد کی موجودگی کی تصدیق کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی دکھ کی گھڑی ہے جس سے صوبہ گزررہا ہے۔

شاہ فرمان نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ مصیبت کی اس گھڑٰی میں سیاست چمکانے کی کوشش نہ کی جائے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ اس وقت صوبائی ذمہ داریوں کے سلسلے میں ملک سے باہرہیں لیکن حکومتی مشینری اور انتظامیہ یہاں موجود ہے اور اپنا کام بھرپورانداز میں انجام دے رہی ہے۔


وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی کی گفتگو


خیبرپختونخواہ کے وزیراطلاعات شوکت یوسف زئی نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 19 میتیں چارسدہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ 20 زخمی یہاں لائے گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 6 زخمیوں کو پشاور منتقل کیا گیا ہے۔

شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ فی الحال خون کے عطیات کی ضرورت نہیں ہے کے پی کے والنٹیئرز کی بڑی تعداد خون کے عطیات دینے کے لئے اسپتال پہنچ چکی ہے۔


جانی نقصان


باچا خان یونی ورسٹی سے ریسکیو اداروں نے سات لاشیں باہر منتقل کردیں ہیں، عینی شاہدین کے مطابق باچا خان یونی ورسٹی میں ایمبولینس کم پڑ گئیں ہیں۔

خیبر پختوانخواہ کے وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی کے مطابق اب تک 20سے 25 افراد شہید جبکہ 60 زخمی ہوئے ہیں۔

دہشت گردوں کی فائرنگ سے باچا خان یونی ورسٹی کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسر سید حامد حسین بھی شہید ہوگئے ہیں۔

چارسدہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی جاچکی ہے جبکہ پشاور میں بھی اسپتالوں کے لئے ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔


پاک فوج کا آپریشن


ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم سلیم باجوہ نے کل چار دہشت گردوں کےمارے جانے کی تصدیق کردی ہے۔

ڈی آئی جی مردان نے پاک فوج کی جانب سے جاری آپریشن میں دو دہشت گردوں کے مارے جانے کی تصدیق کردی ہے جبکہ غیر متعلقہ اطلاعات کے مطابق چار دہشت گرد اب تک مارے جاچکے ہیں۔

پاک فوج کے دستے چار سدہ یونی ورسٹی میں داخل ہوگئے ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

پاک فوج کے دستے، بکتر بند گاڑیاں اور 3 ہیلی کاپٹر آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ پشاور سے پاک فوج کے تازہ دم دستے بھی چارسدہ پہنچ چکے ہیں۔

سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد بھی جائے وقوعہ پرپہلے سے موجود ہے اور دہشت گردوں کے خلاف کاروائی جاری ہے۔


دھماکے


باچا خان یونی ورسٹی کے اندر مجموعی طور پردس دھماکےبھی سنائی دیے ہیں جنہوں نے صورتحال کی سنگینی میں شدید اضافہ کردیا ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کچھ طلبہ وطالبات یونی ورسٹی سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے ہیں تاہم ابھی بھی طالب علموں کی کثیر تعداد یونی ورسٹی کے اندر ہی محسورہیں۔


عینی شاہد کا بیان


باچا خان یونی ورسٹی سے سیکیورٹی اداروں کی جانب سے دیے گئے ردعمل کے نتیجے میں یونی ورسٹی میں محسور طلبہ و طالبات باہرآنا شروع ہوگئے ہیں۔

عینی شاہد کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد پانچ ہے اوروہ یونی ورسٹی کے عقبی حصے سے داخل ہوئے۔

طالب علم کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک گھنٹے سے یونی ورسٹی کے واش روم میں چھپے مدد کا انتظارکررہے تھے۔


باچا خان یونی ورسٹی


باچا خان یونی ورسٹی سن 2012 میں عوامی نیشنل پارٹی کے بانی کے نام پرقائم کی گئی تھی۔

اوروائس چانسلرفضل الرحیم مروت کا کہنا ہے کہ یونی ورسٹی میں تین ہزارسے زائد طلبہ و طالبات زیرتعلیم ہیں جبکہ باچا خان امن کانفرنس کے سبب 600 سے زائد مہمان بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ آج اے این پی کے بانی رہنما باچا خان کی 28ویں برسی ہے اوراسی سلسلے میں یونی ورسٹی میں باچا خان امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا۔


اسکول بند ہوگئے


باچا خان یونی ورسٹی پرحملے کےبعد شہرمیں خوف وہراس پھیل گیا ہے اور نہ صرف چارسدہ بلکہ پشاور میں بھی والدین اپنے بچوں کو اسکول لینے کے لئے پہنچ گئے ہیں۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظرچارسدہ اورپشاورمیں اسکول بند ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب مردان یونی ورسٹی بھی طلبہ وطالبات سے خالی کرالی گئی ہے۔


شبقدرمیں سیکیورٹی فورسزکی کاروائی


گزشتہ رات چارسدہ کے علاقے شبقدرمیں سیکورٹی فورسزنے کاروائی کرتے ہوئے چارانتہائی مطلوب دہشتگرد گرفتارکیے تھے۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، فورسز کی وردیاں، لیپ ٹاپ اورسامان برآمد کیا تھا اورگرفتاردہشت گردوں کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔


آرمی پبلک اسکول


اب سے ٹھیک ایک سال قبل آرمی پبلک اسکول پشاور پر بھی دہشت گردوں نے اسی نوعیت کا حملہ کیا تھا جس میں 132بچوں سمیت 144 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

آرمی پبلک اسکول حملے کے بعد ملک بھرمیں تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی انتظامات میں خاطرخواہ اضافہ کیا گیا تھا۔

 دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیاگیا

باچا خان یونیورسٹی چارسدہ پر حملے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے سرچ آپریشن کر کے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے، اطلاعات کے مطابق گرفتار شدگان کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

باچا خان یونیورسٹی چارسدہ پر حملے میں شہید ہونے والا ایک طالب علم سجاد حسین بھی ہے جو کیمسٹری کے آخری سال کا اسٹوڈنٹ تھا، دہشت گردوں کے اس بزدلانہ حملے نے اس جیسے کئی ہونہاروں کو موت گھاٹ اتار دیا۔

Comments

اہم ترین

فواد رضا
فواد رضا
سید فواد رضا اے آروائی نیوز کی آن لائن ڈیسک پر نیوز ایڈیٹر کے فرائض انجام دے رہے ہیں‘ انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ تاریخ سے بی ایس کیا ہے اور ملک کی سیاسی اور سماجی صورتحال پرتنقیدی نظر رکھتے ہیں

مزید خبریں