اسلام آباد /راولپنڈی / لاہور /ایبٹ آباد : ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ میر پورآزاد کشمیر، ایبٹ آباد اورگردونواح میں برفباری اور بارش نے سیاحوں کی موجیں کروادیں۔
ملک میں کہیں آسمان کو چھوتے سرسبز پہاڑوں نے برف کی چادر اوڑھ رکھی ہے تو کہیں بارش اور ٹھنڈی ہوائیں گیت سنارہی ہیں ۔
میرپورسمیت کئی علاقوں میں ہونے والی برف باری اور بارش نے جنت نظیر کشمیر کے حسن کو اورمزید دل کش بنادیا ہے.
ایبٹ آباد، گلیات، ٹھنڈیانی، ایوبیہ، میرا جانی اور نتھیا گلی کے پہاڑوں پر برف باری نے سیاحوں کی تمنا پوری کردی ہے. بچے بڑے سبھی آسمان سے برستی نرم برف سے اپنے اپنے اندازمیں لطف اندوز ہورہے ہیں ۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہلکی ہلکی بارش جبکہ لاہور گجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں بارش نے موسم سرد اور خوشگوار کردیا ہے ،کوئٹہ اورگر دونواح میں بھی بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے۔