جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

عزیربلوچ 90 روزہ ریمانڈ پررینجرزکے حوالے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : گینگ وار کے سرغنہ عزیربلوچ کوعدالت میں پیش کر دیا گیا، عدالت نے ملزم کو نوّے روز کے لئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا، پیشی کے بعد رینجرز نے عزیربلوچ کو میٹھا رام ہاسٹل منتقل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق لیاری گینگ وار کے اہم ترین کرداراور سرغنہ عزیربلوچ کو رینجرز کی بھاری نفری کے حصار میں سر پر کپڑا ڈھانپ کراور ہاتھوں میں ہتھکڑی لگا کرانسداد دہشت گردی کی عدالت کے منتظم جج فاروق شاہ کے روبرو پیش کیا گیا، اس موقع پر سیکیورٹی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

میڈیا کے نمائندوں کو بھی عدالت میں داخل نہیں ہونے دیا گیا،رینجرز نے فاضل جج کے رو برو عزیر بلوچ کے خلاف مقدمات سے متعلق رپورٹ پیش کی اور نوّے روزہ تحویل کی استدعا کی۔

- Advertisement -

عدالت نے رینجرز کا مؤقف سننے کے بعد عزیر بلوچ کا 90 روزہ ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزم کو رینجرز کی تحویل میں دے دیا۔

رینجرز حکام نے ملزم سے تفتیش کے لئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بنانے کی بھی درخواست کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے جے آئی ٹی بنانے کی اجازت دے دی۔

پیشی کے بعد عدالتی احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عزیر بلوچ کے وکلاء خواجہ نوید ایڈووکیٹ اور سیفی علی کا کہناتھا کہ عزیر بلوچ کے خلاف کوئی رپورٹ نہیں پیش کی گئی، عمومی الزامات کے تحت عزیربلوچ کا نوّے روز کا ریمانڈ لیا گیا ہے۔

خواجہ نوید کا کہنا تھا کہ رینجرز کی رپورٹ کے مطابق ملزم کو چاکیواڑہ سے گرفتار کیا گیا، انہوں نے بتایا کہ جج نے ملزم کی جے آئی ٹی رپورٹ پندرہ روز میں مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ کالعدم پیپلز امن کمیٹی کا سربراہ اور لیاری گینگ وار کا اہم کردار عزیر جان بلوچ کراچی آپریشن کے شروع ہوتے ہی ملک سے فرار ہو گیا تھا ۔ اطلاعات تھیں کہ عزیر جان بلوچ پاکستان سے فرار ہو کر دبئی چلا گیا ہے۔

اُس کو دبئی سے لانے کے لئے ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس میں سی آئی ڈی کے افسران بھی شامل تھے۔ یہ ٹیم ایک ماہ تک دبئی میں رکی لیکن قانونی پیچیدگی کے باعث اس ٹیم کو کامیابی نہیں ملی اور تمام افسر ناکام واپس آ گئے۔

عزیربلوچ پر قتل اقدام قتل ، بھتہ خوری ، اغواء برائے تاوان سمیت دہشت گردی کے دیگر واقعات میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ کلاکوٹ، چاکیواڑہ، نیپیئر اور بغدادی سمیت دیگر تھانوں میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت اُس پر مقدمات بھی درج ہیں۔

 کچھ عرصے سے بعض حلقے دعوے کررہے تھے کہ عزیربلوچ کو پاکستان لایا جاچکا ہے۔ وہ پشاوریا اسلام آباد میں زیرحراست ہے۔

آج اچانک رینجرز نے عزیر بلوچ کی کراچی سے گرفتاری کااعلان کردیا۔ ملک سے فرار ہونے پر پاکستانی حکومت کی جانب سے عزیر بلوچ کے ریڈ وارنٹ جاری کئے گئے تھے۔


Chat Conversation End

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں