اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چھ فروری کوملک گیراحتجاج کی کال دے دی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا بل ملازمین کو قائل کئے بغیر ہی اسمبلی میں لایا گیا، ملازمین کی نوکریاں جا رہی ہیں انہیں مطمئن کرنا چاہئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کرنی تھی تو پہلے ملازمین کو اعتماد میں لیتے، عوام پر گولیاں برسانا حکمرانوں کی پرانی عادت ہے۔
نجکاری تب کامیاب ہوتی ہے جب ملک کے لوگوں کو فائدہ ہو لیکن یہاں تو سب کو معلوم ہے ن لیگ کی حکومت نے بزنس مفادات میں اپنے لوگوں کو نوازا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے ملازمین کے معاملے پر سیاسی جماعتوں سے رابطے کریں گے۔ عمران خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی دور میں ڈیزل پر ٹیکس بائیس فیصد (ن) لیگ کے دور میں 98 فیصد ہے۔
پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر ٹیکس غیرقانونی ہے۔ عوام دشمن اکنامک پالیسی کیخلاف ہفتے سے احتجاج شروع کریں گے۔