اسلام آباد: وفاقی حکومت نے دواؤں کی قیمتوں میں از خود اضافہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کر لیا،سائرہ افضل تارڑ کہتی ہیں کہ کمپنیوں نے ذیادتی کی ،وفاق اور پنجاب کمپنیوں کے خلاف ملکر کر ایکشن کریں گے ۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں وزیر مملکت قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے دبے الفاظ میں فارما سوٹیکل کمپنیوں کے اقدام کی مذمت کی ،،،انکا کہنا تھا کہ فارما سوٹیکل کمپنیاں ہمیشہ تعاون کرتی ہیں لیکن دواؤں کی قیمتوں میں از خود اضافہ ذیادتی ہے ۔زائد قیمتیں غریب عوام پر بوجھ ہیں کمپنیاں مناسب منافع کمائیں ۔ڈرگ پالیسی کے تحت کمپنیاں صرف آٹھ فیصد اضافہ کر سکتی ہیں ۔
سائرہ تارڑ کا کہنا تھا کہ دوا سازکمپنیوں کے فیصلے سے متعلق پنجاب سے مشاورت کر لی ہے ۔فیصلے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے دوبارہ رجوع کیا جائے گا ۔فیصلے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں ترتیب وار جواب جمع کرایا جائے گا ، کیونکہ ماضی میں سندھ ہائیکورٹ نے وفاق کو سنے بغیر اسٹے آرڈر جاری کیا تھا، ضرورت پڑنے پر فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کے ڈائریکٹر کاسٹنگ اینڈ پرائسنگ امان اللہ کا کہنا تھا کہ کمپنیوں کو از خود قیمتیں بڑھانے کا استحقاق نہیں ہے،پہلی کوشش سندھ ہائیکورٹ سے اسٹے خارج کروانا ہے ۔کیونکہ کمپنیوں نے حقائق توڑ مروڑ کر سندھ ہائیکورٹ کو گمراہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسٹے آرڈر خارج ہونے کے بعد کمپنیوں کے خلاف انتظامی ایکشن لیا جائے گا اور ذمہ دارکمپنیوں کا اسٹاک ضبط کرنے ، جرمانہ عائد کرنے سمیت ڈرگ کورٹس سے رجوع کیا جائے گا ۔