کلر سیداں : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے پاکستان میں داعش کے وجود کی خبروں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ داعش مشرق وُسطیٰ کی تنظیم ہے۔ یہاں اُس کا نام استعمال کرنے والے ہمارے پُرانے دُشمن ہیں،بس وہ اپنا نام تبدیل کرلیتےہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلرسیداں میں ریسکیو 1122 کی عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چوہدری نثار نے کہا ایک بارہ بور کے فائر پر اسکول کالج بند ہونے کے اعلانات ہوتے ہیں۔ قوم کو اے پی ایس کے بچوں سے سبق سیکھنا چاہیئے۔
چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ مدارس دہشت گردی کی راہ میں رکاوٹ ہیں لیکن تمام مدارس دہشت گردی میں ملوث نہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
مدارس کی رجسٹریشن پر اتفاق ہو گیا ہے، جلد اعلان ہو گا، داعش کا پاکستان میں وجود نہیں، کچھ تنظیمیں داعش کا نام استعمال کر کے کارروائیاں کر رہی ہیں۔
دہشت گردی کے خلاف قوم کو مزید متحرک ہونا پڑے گا، وزیر داخلہ نے ایک بار پھر ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ جن کی دُم پر میرا پیر ہے وہی شور مچاتے ہیں۔
چوہدری نثار نے اپنے حلقے کلر سیداں میں بلدیاتی نمائندوں کو اچھا کام کر نے کی صورت میں اپنے فنڈ سے کروڑوں روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔