کوٹلی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف پر کرپشن کے بارہ کیسز ہیں انہیں ڈر ہے کہ اقتدار چلا گیا تو وہ بھی جیل جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹلی آزاد کشمیر میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس سے قبل جب عمران خان کا ہیلی کاپٹر جلسہ گاہ کی حدود میں داخل ہوا تو پنڈال نعروں سے گونج اٹھا۔
جلسہ گاہ پہنچے تو کھلاڑیوں نے شاندار استقبال کیا۔ جلسے میں خواتین بھی بڑی تعداد میں شریک تھیں۔ عمران خان نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ دھاندلی لیگیوں کے خون میں شامل ہے۔
آزادکشمیرکےالیکشن میں ن لیگ کو دھاندلی سے روکنا ہوگا ، عمران خان کا کہنا تھا کہ جب تک ہم کرپشن پر قابو نہیں پائیں گے ملک کا کوئی مستقبل نہیں، بے ایمانی سے الیکشن جیتنے والے اسمبلی میں ایمانداری نہیں کرسکتے۔
باربارجیتنے والوں نے صرف پیسہ بنایا، جو پیسا عوام کی تعلیم پر لگنا چاہیے وہ ملک سے باہر چلا جاتا ہے، کشمیر سے بیرون ملک جانے والوں کے بچے واپس آنا پسند نہیں کرتے۔
کشمیریوں کے لئے فیصلہ کرنے کا وقت آگیا ہے، اللہ نے کشمیریوں کو اپنی تقدیر بدلنے کا موقع دیا ہے۔ عمران خان نے کہا نواز شریف پر کرپشن کے بارہ کیسز ہیں ۔
انہیں ڈر ہے کہ اقتدار چلا گیا تو وہ بھی جیل جائیں گے ، عمران خان نے عزم ظاہر کیا کہ وہ خود الیکشن مہم چلائیں گے اور تحریک انصاف آزاد کشمیر میں حکومت بنائے گی۔