لاہور : متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ بورڈ کے سابق چیئرمین آصف ہاشمی کو انٹرپول نے اپنی حراست میں لے لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ میں بے ضابطگیوں کا ریکارڈ نیب کے حوالے کیا جارہا ہے، یہ بات انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی۔
صدیق الفاروق کا کہنا تھا کہ آصف ہاشمی نے بورڈ میں بے جا اورغیرقانونی بھرتیاں کیں۔ مگر کسی کو بھی اس وقت تک نوکری سے نہیں نکالا جائے گا جب تک نیب اپنی تحقیقات نہیں کرلیتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور سندھ میں اربوں روپے مالیت کی اراضی واگزار کرالی گئی ہے، مگر بورڈ کی بیشتر زمینوں پر قبضہ ختم نہ ہونے کی وجہ عدالتیں ہیں جو ہر کسی کو اسٹے آرڈر جاری کردیتی ہیں۔
صدیق الفاروق نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے قوانین میں جلد ترامیم کی جائیں گی جس میں شہر ی علاقوں میں موجود زرعی اراضی کو شہری اراضی میں تبدیل کیا جائےگا تاکہ زیادہ ریونیو حاصل کیا جاسکے۔