اشتہار

عمران خان، چوہدری نثار، شہباز شریف کے اہل خانہ ایک ہی پرواز سے لندن جارہے ہیں

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار اور شہباز شریف کے اہلِ خانہ ایک ہی طیارے سے لندن روانہ ہورہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان، چوہدری نثار اور شہباز شریف کے اہلِ خانہ قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 757 کے ذریعے لندن روانہ ہورہے ہیں اور یہ تمام افراد آئندہ 6 سے 7 گھنٹے تک ایک ساتھ محو پرواز ہوں گے۔

عمران خان کا سیٹ نمبر1 ایچ ہے جبکہ وفاقی وزیرداخلہ کی ہوائی جہاز کی سیٹ نمبر 1 اے  ہے۔ چوہدری نثار اپنی اہلیہ کے علاج کی غرض سے براستہ لندن جرمنی جارہے ہیں۔

- Advertisement -

عمران خان کا کہنا ہے کہ دورہ لندن فنڈ ریزنگ کی غرض سے کئی روز پہلے سے طے تھا تاہم پنامہ پیپرز کا معاملہ منظرِعام پرآنے کے بعد انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ غیرملکی آڈٹ کمپنیوں سے بھی تحقیقات کے لئے رجوع کریں گے۔

واضح رہے کہ عمران خان اور چوہدری نثار پرانے دوست ہیں، دونوں ایچی سن کالج میں اکھٹے زیرِ تعلیم رہے ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پرواز میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے اہلِ خانہ بھی موجود ہیں جو کہ اپنے تایا میاں نواز شریف کی مزاج پرسی کے لئے لندن جارہے ہیں۔

وزیراعظم نوازشریف گزشتہ روز اپنے علاج کی غرض سے ایک ہفتے کے لئے لندن روانہ ہوئے تھے جبکہ سابق صدرآصف زرداری بھی آج کل لندن میں مقیم ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف جو کہ فی الحال لاہورمیں مقیم ہیں آئندہ کچھ دنوں میں لندن روانہ ہوں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں لندن انتہائی اہمیت کا حامل ہے اورماضی میں بھی یہاں اہم سیاسی اجتماع منعقد ہوتے رہے ہیں جن کے اثرات ملکی تاریخ پر دیرپا نقوش مرتب کرتے ہیں جبکہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین بھی ایک طویل عرصے سے لندن میں ہی مقیم ہیں۔

یاد رہے کہ مئی 2006 میں سابق ملٹری صدرپرویز مشرف کے دورمیں پیپلز پارٹی کی سابق سربراہ بینظیر بھٹو اور موجودہ وزیراعظم نواز شریف نے لندن میں میثاقِ جمہوریت پر دستخط کیے تھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں