لاہور: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پانامہ پیپرز کی تحقیقات مکمل ہونے تک وزیر اعظم پاکستان کے استعفے کے لئے بلاول بھٹو کے مطالبے کو درست اقدام قرار دیتے ہوئےکہا کہ تحقیقات مکمل ہونے تک وزیراعظم مستعفی ہوجائیں.
تفصیلات کے مطابق لاہور میں جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے پی ٹی آئی کے سربراہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کو پانامہ پیپرز کے الزامات کا جواب دینے کے لئے حتمی مدت دی ہوئی ہے ۔
تحقیقات مکمل ہونے تک نواز شریف استعفیٰ دیں، انکوائر ی کمیشن کے لئے ان کی طرف سے وضع کردہ ریفرنسز کی شرائط بتادی گئی ہیں۔
بلاول بھٹو نے وزیراعظم سے استعفی مانگ لیا
پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو نے کوٹلی میں جلسے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کو یاد دلایا کہ ایک وقت تھا آپ نے جلسہ عام میں اس وقت کے وزیراعظم سے استعفیٰ مانگا تھا، آج وہی مطالبہ میں آپ سےکرتا ہوں کہ آپ استعفی دیں۔ پاناما لیکس پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایک وزیر کو جرمنی اور دوسرے کو امریکہ روانہ کردیتے ہیں اور بھر بھی چین نہیں آتا تو خود پاناما کے وزیر خزانہ کے پاؤں پکڑنے چلے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ پانامہ لیکس میں وزیر اعظم پاکستان نے اپنے بچوں کے نام آنے کے بعد عوامی دباو کو مد نظر رکھتے ہوئے قوم سے خطاب کرتے ہوئے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا جسے اپوزیشن کی جانب سے مسترد کردیا گیا تھا۔
دوسری جانب پانامہ لیکس کی جانب سے 9 مئی کو مزید نام شائع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ آئی سی آئی جی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس بار آنے والی فہرست میں 400 پاکستانیوں سمیت دنیا بھر سے 2 لاکھ افراد کے آف شور اکائونٹس کی تفصیلات موجود ہوں گی۔