اسلام آباد : قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظٖم کے عہدے کے تقدس کےلئےالزامات کا دورہونا ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق سید خورشید شاہ نےوزیراعظم نواز شریف کےنام پانچ صفحےکاخط لکھ لیا۔ خورشید شاہ نے ٹی او آرز حکومت کو بھجوانے پر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔
خورشید شاہ نے خط میں لکھا ہے کہ پانامہ لیکس کے بعد کمیشن کا قیام نہایت ضروری ہے۔ وزیر اعظم کےعہدے کےتقدس اورساخت کیلئے لازمی ہے کہ ان کے خاندان پرلگنے والے الزامات بھی دور کئے جائیں۔
انہوں کہا کہ اگرملک کے وزیراعظم کے بیٹے ہی ٹیکس نہ دیں تو وہ کس منہ دوسروں کو ٹیکس دینے کا کہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کی شفاف تحقیقات اپوزیشن کے ٹی او آرز سے ہی ہو سکتی ہیں۔
وزیراعظم اگر یہ سمجھتے ہیں کہ الزامات غلط ہیں تو انہیں تحقیقات سے بھاگنا نہیں چاہیئے، خط کے متن کے مطابق بیرون ملک اثاثوں کا پاکستان میں کسی بھی اتھارٹی کوعلم نہیں ہے۔
پاناما لیکس کے بعد ملک میں انتہائی نازک صورت حال پیداہوگئی ہے،اس لئے ضروری ہے کہ حکومتی امورشفاف طریقے سے چلائے جائیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم کو لکھا گیا خط پانچ صفحات پر مشتمل ہے۔جس کے ساتھ اپوزیشن کے مرتب کردہ ٹی اوآرزکی کاپی بھی بھیجی جائے گی، خورشید شاہ کل وزیراعظم کو خط لکھ کر اپوزیشن کے ٹی او آرز سے باقاعدہ طور پر آگاہ کریں گے۔