لاہور: تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کہتے ہیں کہ اپنی کمپنی کا نام اور شیئرز کی ویلیو ڈکلیئر کرچکا ہوں لیکن جنگ اخبار کا رپورٹر بار بار میرا نام لے رہا ہے۔میں اپنے اثاثے واپس لانے کو تیار ہوں کیا نواز شریف کے بچے اپنے اثاثے ملک میں لائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق علیم خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاناما لیکس میں، میں اپنی کمپنی کا نام اور شیئرز کی ویلیو ڈکلیئر کرچکا ہوں۔ جس کو میری پراپرٹی کا حساب کرنا ہے آ کر کرلے۔ میری ایک ہی کمپنی کو باربارچھاپا جا رہا ہے۔ جب میں اپنی کمپنی ڈیکلیئرکرچکا ہوں تو پھر لیکس کس بات کی۔
علیم خان نے کہا کہ میں اپنے بیرون ملک چاروں اپارٹمنٹس بیچ کر سارا پیسہ پاکستان لانے کو تیارہوں۔ وزیر اعظم کے بچوں حسین نواز اور حسن نواز کو بھی ایسا ہی کرنا چاہیئے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ الیکشن کمیشن اور ایف بی آر کے سامنے اپنے تمام اثاثے ظاہر کرچکے ہیں۔ علیم خان کا کہنا تھا کہ وہ صحافیوں کی عزت کرتے ہیں لیکن کچھ صحافی کسی اور کے دیے گئے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک صحافی نے ایک ہی معاملے میں تین بار میرا نام لیا۔
علیم خان کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان کا ساتھ کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم کے بچے اپنے تمام اثاثے ظاہر کریں اور ان سمیت باقی سیاستدان بھی حساب دیں۔