جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

خود غرض کھلاڑیوں کی ٹیم میں کوئی جگہ نہیں: مکی آرتھر

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ مکی آرتھر نےکہا ہے کہ خود غرض کھلاڑیوں کی ٹیم میں کوئی جگہ نہیں ہے، انہوں نے قومی کرکٹرز کو خبردار کیا ہے کہ وہ ڈسپلن، فٹنس اور فیلڈنگ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کی پے درپے شکستوں کے بعد ٹیم کی حالت ِ زار بہتر بنانے کے لیے سابق کوچ وقار یونس کی جگہ نسبتاً سخت ڈسپلن کیلئے مشہور مکی آرتھر کی تقرری کی ہے۔

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مکی آرتھر ان دنوں آسٹریلیا میں مقیم ہیں اور ایک انٹرویو میں انہوں نے ‘خراب ڈسپلن’ کیلئے مشہور قومی کرکٹرز کو خبردار کیا کہ وہ ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور اس کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کریں گے۔

‘میں چاہتا ہوں کہ ہر کوئی ٹیم کیلئے کھیلنا شروع کر دے اور میں کوئی خود غرض کھلاڑی ٹیم میں نہیں چاہتا’۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ کی نئی سلیکشن کمیٹی نے نوجوان اوپنر احمد شہزاد اور مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کو خراب ڈسپلن کے سبب دورہ انگینڈ کی تیاریوں کیلئے لگائے جانے والے کیمپ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل نہیں کیا۔

اس کے علاوہ پاکستان کپ چھوڑ کر جانے والے سینئر بلے باز یونس خان کو جب پی سی بی نے شوکاز نوٹس جاری کیا تو انہوں نے بھی بورڈ سے معافی مانگی تھی۔

مکی آرتھر نے کہا کہ ہماری باؤلنگ اچھی ہے لیکن ہمیں اپنی بیٹنگ بہت بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

ماضی میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی کوچنگ کا تجربہ رکھنے والے آرتھر نے کہا کہ وہ فیلڈنگ اور فٹنس کے معاملے میں بھی بہت سخت ہوں گے اور ایسے کھلاڑیوں کی ضرورت ہے جو لمبے عرصے تک کھیل سکیں اور ان معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

مکی آرتھر پاکستان کے پانچویں غیر ملکی کوچ ہوں گے جہاں اس سے قبل رچرڈ پائی بس، باب وولمر، جیوف لاسن اور ڈیو واٹمور پاکستان کی کوچنگ کر چکے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں